پولیس مقابلوں کے دوران 4ملزم زخمی حالت میں گرفتار
سبزی منڈی کے علاقہ میں 35مقدمات میں مطلوب ملزم مومن پکڑا گیا
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 4 ملزموں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ۔پولیس کے مطابق تھانہ سبزی منڈی کے علاقے میں ناکے پر راہزنی، چوری اور موٹر سائیکل چوری کے 35سے زائد مقدمات میں مطلوب ریکارڈ یافتہ ملزم مومن نے گرفتاری سے بچنے کیلئے پولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار کی کوشش کی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جس کے قبضے سے موٹر سائیکل اور ناجائز اسلحہ برآمد ہوا۔تھانہ کھیالی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشی اور موٹر سائیکل چوری کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم عبدالرحمن کو گرفتار کر لیا۔ ملزم پولیس ناکے سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران زخمی ہوا جبکہ چوری شدہ موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی۔ تھانہ تتلے عالی کے علاقے میں راہزنی کے مقدمے میں مطلوب ملزم بدر پولیس ناکے سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے ملزم سے ناجائز اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر لی۔اسی طرح تھانہ گرجاکھ پولیس نے ایک کارروائی کے دوران ریکارڈ یافتہ ملزم انور کو گرفتار کیا جو پولیس ریڈ کے دوران گرفتاری سے بچنے کی کوشش میں زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے ناجائز اسلحہ بھی برآمد ہوا ۔