تتلے عالی میں مبینہ پو لیس مقابلہ ، ریکارڈ یافتہ ڈاکو ہلاک
اویس ساتھیوں کی فائرنگ کا نشانہ بنا ،2ملزم فرار ، گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل
تتلے عالی ،نو شہرہ ورکاں ،گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر، نامہ نگار ، نمائندہ دنیا ) تھانہ تتلے عالی کے علاقے میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان ہونے والے مبینہ مقابلے کے دوران ایک خطرناک بین الاضلاعی ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے فرار ہو گئے ۔پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت اویس کے نام سے ہوئی ہے جو گوجرانوالہ اور شیخوپورہ اضلاع میں اقدام قتل، ڈکیتی، راہزنی اور چوری سمیت 35 سے زائد سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو مطلوب تھا۔ دوران تعاقب ملزموں نے پولیس پر فائرنگ کی جبکہ پولیس کی جانب سے بھی جوابی کارروائی کی گئی فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ملزم ہلاک ہو گیا۔ فرار ملزموں کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل دے دی گئی ۔ڈی ایس پی عنصر فاروق مان نے کہا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے پرامن اور محفوظ معاشرے کے قیام کیلئے جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی ناگزیر ہے اور قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔