حافظ آباد:ممکنہ سیلاب کے پیش نظر قادر آ باد بیراج پر مشقیں

حافظ آباد:ممکنہ سیلاب کے پیش نظر قادر آ باد بیراج پر مشقیں

فلڈ ریلیف سنٹرز اور بوٹنگ پوائنٹس کی تعداد میں اضافہ کر دیا :ڈپٹی کمشنر عبد الرزاق

حافظ آباد(نامہ نگار،نمائندہ دنیا )ضلعی انتظامیہ حافظ آباد،ریسکیو 1122اور دیگر محکموں کی جانب سے دریائے چناب میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر قادرآباد بیراج کے مقام پر مشقیں کی گئیں۔ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق،ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر ریسکیو 1122حافظ عبدالرشید نے فرضی مشقوں کا معائنہ کیا۔محکمہ سول ڈیفنس،ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ویلفیئر،ایجوکیشن،میونسپل کمیٹی،ضلع کونسل،ایری گیشن سمیت دیگر محکموں کے افسر وں و ملازمین نے فرضی مشقوں میں حصہ لیا۔ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال دریائے چناب میں آنے والا سیلاب تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب تھا تاہم ضلعی انتظامیہ اور دیگر تمام محکموں کی جانب سے بروقت ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن اور سیلاب متاثرین کی امداد کی گئی۔ گزشتہ سال کی سیلابی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے حافظ آباد انتظامیہ کی جانب سے تمام محکموں کو اپنی ہر قسم کی پیشگی تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تا کہ اگر خدا نخواستہ کسی بھی قسم کی کوئی سیلاب یا ہنگامی صورتحال پیدا ہو تو لوگوں کے بروقت انخلا اور انکے لیے امداد سرگرمیاں شروع کی جاسکیں۔ انکا کہنا تھا کہ ماضی کی صورتحال کے پیش نظر اس سال فلڈ ریلیف سنٹرز اور بوٹنگ پوائنٹس کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے ۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمر جنسی آفیسر ریسکیو حافظ عبدالرشید کا کہنا تھا کہ پنجاب ایمر جنسی سروس،ریسکیو 1122کی جانب سے کسی بھی قسم کی سیلابی یا ہنگامی صورتحال کے پیش نظر تمام تیاریاں مکمل ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں