اے سی نوشہرہ کا جلوسوں کے روٹس پر انتظامات کا جائزہ
مچھرانوالی اور بڑی والہ کا دورہ ، روٹس پر صفائی ستھرائی یقینی بنانے کی ہدایت
نوکھر(نامہ نگار )اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں سعدیہ جمال نے یونین کونسل نمبر 90 پھلوکی کے مواضعات مچھرانوالی اور بڑی والہ میں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے روٹس کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا، اس موقع پر سیکرٹری یونین کونسل 90 پھلوکی تنویر احمد وڑائچ نے اسسٹنٹ کمشنر کو محرم الحرام کے روٹس کا نقشہ پیش کیا جبکہ متولی امام بارگاہ حسینیہ مچھرانوالی زوار مقصود علی کھوکھر اور زوہیب خادم سیکھو نے مختلف مقامات کا دورہ کر ایا اور انتظامی امور سے آگاہ کیا۔
دوران وزٹ موضع بڑی والہ میں تنویر احمد وڑائچ نے اسسٹنٹ کمشنر کو تجویز دی کہ محرم الحرام کے جلوس کے دوران محکمہ صحت کی ٹیم کو ضروری ادویات اور طبی سہولیات کی فراہمی کا پابند بنایا جائے ۔ اس پر سعدیہ جمال نے متعلقہ انتظامات کیلئے ڈاکٹر ادریس کو ہدایات بھی جاری کیں،سعدیہ جمال نے \"ستھرا پنجاب\" پروگرام کے عملے کو محرم الحرام کے دوران جلوسوں کے روٹس پر صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو روزانہ کی بنیاد پر صفائی ستھرائی سے متعلق تصویری شواہد سمیت رپورٹس جمع کروانے کا بھی پابند کیا۔