جعلی حکمرنوں نے عوامی زندگی کو روگ بنا دیا :روبا عمرڈار
تحریک انصاف اور بانی چیئرمین عمران خان کے بغیر پاکستانی سیاست نا مکمل
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )پاکستان تحریک انصاف کی ٹکٹ ہولڈر روبا عمر ڈار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنوں کے خلاف جاری انتقامی کارروائیاں حکمرانوں کی جمہوریت دشمنی کاثبوت ہے انتخابی دھاندلی کے سہارے اقتدار پر مسلط ہونے والے اپنا انجام صاف دیکھ رہے ہیں اور اقتدار سے نکالے جانے کے خوف سے بوکھلاہٹ کا شکار جعلی حکمران پرامن مظاہرین کی جمہوری آواز دبانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔ تحریک انصاف سٹی کے سیکرٹری اطلاعات ونشریات میاں شان علی قمر سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش معاشی او ر عوامی مشکلات کے حل کیلئے موثر اقدامات کی ضرورت ہے تحریک انصاف عوامی مسائل کے حل اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ایوان کے اندر اور باہر بھرپور آواز بلند کررہی ہے پارٹی عوامی امنگوں کی ترجمانی کو اپنی بنیادی ذمہ داری سمجھتی ہے اور اس سلسلے میں اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلط جعلی حکمرانوں نے عوامی زندگی کو روگ اور بوجھ بنادیا ہے جعلی حکمرانوں کی کارکردگی صفر ہے ان کی ساری توجہ صرف اپنی نمود نمائش او ر پی ٹی آئی کی کردار کشی پر مرکوز ہے ، پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت اور بانی چیئرمین قائد عمران خان پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبول ترین لیڈر ہیں دونوں کے بغیر پاکستان کی سیاست نامکمل ہے ۔