گیپکو کی نجکاری کیخلاف ہڑتال ،لاکھوں صارفین خوار
متعدد ٹرانسفارمر خراب ،افسروں و ملازمین کاہڑتال کا بہانہ ،بجلی بحالی سے انکار
گوجرانوالہ ، پنڈی بھٹیاں ،نو شہرہ ورکاں ، تتلے عالی (سٹی رپورٹر، نامہ نگار ، نمائندہ دنیا )گیپکو کی نجکاری کے خلاف ہڑتال کے باعث لاکھوں صارفین ذلیل وخوار ہوگئے متعدد علاقوں کے ٹرانسفارمرز خراب ہوگئے اور بجلی کی ترسیل مسلسل بند رہنے لگی، افسر وں اور ملازمین نے ہڑتال کا بہانہ بناکر بجلی بحالی سے انکار کرنا شروع کردیا گیپکو سٹی سرکل کی سب ڈویژن سول لائن،فاروق گنج ،گرجاکھی دروازہ،لدھیوالہ وڑائچ،کھیالی ،ایمن آباد سب ڈویژنوں کے سینکڑوں محلوں اور آبادیوں سے ملحقہ بجلی ترسیل کے ٹرانسفارمرز اور فیڈرز میں فنی خرابی معمول بن گئی گزشتہ روز بھی معمولی بارش سے گھنٹوں بجلی بند رہی ٹرانسفارمر خراب ہوئے لیکن گیپکو عملہ نے بجلی بحالی سے صاف انکار کردیا ۔ گیپکو سب ڈویژن پنڈی بھٹیاں میں ملازمین کی قلم چھوڑ ہڑتال تمام کام ٹھپ ہوکر رہ گیا ، رہنمائوں کا کہنا تھا کہ نجکاری کے فیصلہ کی واپسی تک احتجاج جاری رہے گا ۔نوشہرہ ورکاں میں گیپکو ملازمین نے قلم چھوڑ ہڑتال جاری رکھی گیپکو دفتر کے باہر احتجاجی دھرنا دیا اور شکایت سنٹر بھی بند رکھا جس سے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تتلے عالی گیپکو آفس میں مکمل ہڑتال رہی ، ملازمین کی جانب سے دفتر میں دریاں بچھا کر نعرے بازی کی گئی۔