سمبڑیال اور نواح میں پیشہ ور بہروپئے بھکاریوں کی بھرمار

 سمبڑیال اور نواح میں پیشہ ور بہروپئے بھکاریوں کی بھرمار

بعض افراد جسم کے مختلف حصوں پر مصنوعی یا پرانے زخم نمایاں کر کے متاثر کرنے لگے

سمبڑیال (سٹی رپورٹر شہر اور گردو نواح میں پیشہ ور بہروپئے بھکاریوں نے شہریوں کی ہمدردیاں سمیٹنے کیلئے نت نئے طریقے اختیار کرنا شروع کر د ئیے ، شہر کے بازاروں، گلیوں، اڈہ جات، سڑکوں اور راستوں پر بعض عناصر خود کو معذور ظاہر کرتے ہوئے رینگ کر بھیک مانگتے دکھائی دیتے ہیں۔ شہر کے بازاروں، چوراہوں، بس سٹینڈ اور گنجان آبادیوں میں بھکاری مختلف انداز اختیار کر کے لوگوں سے امداد طلب کرتے نظر آتے ہیں۔ بعض افراد جسم کے مختلف حصوں پر مصنوعی یا پرانے زخم نمایاں کر کے جبکہ بعض ہاتھوں، بازوئوں اور ٹانگوں پر پٹیاں باندھ کر اپنی معذوری ظاہر کرتے ہیں۔

بعض بھکاری شدید گرمی میں تپتی ہوئی سڑکوں اور کیچڑ میں رینگتے ہوئے بھیک مانگ رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پیشہ ور بھکاریوں کے منتظم گروہوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے کیونکہ ایسے عناصر حقیقی مستحق افراد کا حق بھی متاثر کرتے ہیں۔ شہریوں نے تحصیل اور ضلعی انتظامیہ، محکمہ سوشل ویلفیئر، بیت المال اور دیگرمتعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں موجود گداگری کے منظم نیٹ ورک کیخلاف بھر پور کریک ڈائون کیا جائے جبکہ حقیقی مستحق، معذور اور بے سہارا افراد کی نشاندہی کر کے انہیں حکومتی فلاحی پروگراموں میں شامل کیا جائے تا کہ انہیں بھیک مانگنے کے بجائے باعزت روزگار اور زندگی گزارنے کے مواقع میسر آسکیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں