حافظ آباد شہر اور دیہی علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم

حافظ آباد شہر اور دیہی علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم

مختلف علاقوں میں ٹرانسفارمرز جل جانے سے سپلائی کئی کئی روزمعطل رہنے لگی

حافظ آباد(نامہ نگار ، نمائندہ دُنیا )حافظ آباد شہر اور مضافاتی علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم، مختلف علاقوں میں ٹرانسفارمرز جل جانے سے بجلی کی سپلائی کئی کئی روزمعطل رہنے لگی۔ گیپکو کے پاس اضافی ٹرانسفارمر نہ ہونے سے صارفین کو سولی پرلٹکا دیا گیا۔ شہر کے مین بازار میں واقع اکلوتے کمپلینٹ آفس کی افادیت بھی ختم ہوکر رہ گئی۔اکثر فیڈرز پر لائن سپرنٹنڈنٹس کی کمی کی وجہ سے لائن مین بطور لائن سپرنٹنڈنٹ کام کرنے لگے ۔ دن اور رات کے دوران بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری حکومت اور گیپکو کو بد دعائیں دینے لگے۔

بجلی کے بھاری بلوں کی ادائیگی کے باوجود گیپکو بجلی کی بلاتعطل فراہمی میں ناکام ہوکر رہ گئی جبکہ جگہ جگہ بجلی کے لٹکتے ننگے تاروں سے شہریوں کے سروں پر موت کے خطرات منڈلانے لگے ۔دوسری جانب گیپکو کی جانب سے نئی بھرتی نہ کئے جانے اور پہلے سے بھرتی ملازمین کے دن بدن ریٹائر ہوجانے سے ملازمین کی شدید کمی نے رہی سہی کسر نکال دی۔ شہریوں اور صارفین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے موجودہ حکمرانوں پر زور دیا ہے کہ موجودہ دور میں انکی عوام کش پالیسیوں سے جینا دوبھر ہوچکا ہے ،ضلع بھر میں بجلی کے ابتر نظام کا فوری نوٹس لیکر صارفین کی مشکلات کا ازالہ کریں وگرنہ عوام سڑکوں پرآکر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں