سیالکوٹ :کریک ڈاؤن کے دوران 7 انسانی سمگلر گرفتار
ملزم شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دیکر ڈیڑھ کروڑ ہتھیانے میں ملوث
سیالکوٹ، گوجرانوالہ (نمائندہ دنیا، نیوز رپورٹر) ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی امیگریشن کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران 7انسانی سمگلروں کو گرفتار کر لیا،جبکہ 2 اشتہاری ملزم قبل از گرفتاری ضمانت حاصل کرنے کے بعد ایف آئی اے سیالکوٹ سرکل میں تفتیش میں شامل ہوگئے ۔گرفتار ملزموں میں قمر اعجاز PO، خالد فاروق PO، سید عمران عباس، تبسم اعجاز احمد، محمد حذیفہ، عثمان بٹ اور یاسر امجد شامل ہیں۔
ملزم شہریوں کو اٹلی، کینیڈا، البانیہ، پرتگال اور سعودی عرب میں روزگار دلوانے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے ہتھیاتے رہے ۔ایک مقدمے میں ملزموں نے شہری کو جرمنی بھجوانے کا جھانسہ دے کر پہلے سری لنکا اور بعد ازاں سعودی عرب بھجوایا۔ بعد ازاں متاثرہ شہری کو جعلی ویزا استعمال کرنے کی بنا پر بوسنیا جاتے ہوئے ڈی پورٹ کر دیا گیا۔ان مقدمات میں متاثرین سے مجموعی طور پر ایک کروڑ 55 لاکھ پچاس ہزار روپے ہتھیائے گئے۔