صفائی آپریشن میں کوتاہی برداشت نہیں ہوگی :سی ای او
عبدالرزاق ڈوگر کا نوشہرہ ورکاں کے مختلف علاقوں کا دورہ ، صفائی کا جائزہ
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)سی ای او جی ڈبلیو ایم سی / ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی گوجرانوالہ عبدالرزاق ڈوگر نے تحصیل نوشہرہ ورکاں کے علاقوں محلہ پرانا کمیٹی گھر، محلہ مسلم ٹاؤن، محلہ حاجی امتیاز والا، محلہ سمن آباد اور محلہ حاجی نثار والا کا دورہ کیا۔دورے کے دوران صفائی آپریشن، گھروں سے کوڑا کرکٹ کی بروقت کولیکشن، ویسٹ کی محفوظ تلفی، ڈمپ پوائنٹس کی صورتحال، مشینری کی فعالیت، سینٹری ورکرز کی حاضری، صفائی عملے کی کارکردگی اور فیلڈ میں جاری آپریشنل سرگرمیوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ ایم ڈی عبدالرزاق ڈوگر نے مختلف مقامات پر صفائی کے معیار کا معائنہ کرتے ہوئے موقع پر موجود افسروں سے بریفنگ بھی لی۔انہوں کہا کہ صفائی آپریشن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام رہائشی علاقوں، گلی محلوں، بازاروں اور عوامی مقامات پر روزانہ کی بنیاد پر مؤثر صفائی، بروقت ویسٹ کولیکشن اور کوڑا کرکٹ کی فوری تلفی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے فیلڈ سٹاف کی مسلسل نگرانی، مشینری کو مکمل طور پر فعال رکھنے اور سینٹری ورکرز کی حاضری کو ہر صورت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف، ستھرا اور صحت مند ماحول کی فراہمی جی ڈبلیو ایم سی کی اولین ترجیح ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ستھرا پنجاب پروگرام کے اہداف کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔