میاں چنوں :فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ ،ملاوٹی سرخ مرچیں برآمد

میاں چنوں :فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ ،ملاوٹی سرخ مرچیں برآمد

ملتان ،میاں چنوں (لیڈی رپورٹر،تحصیل رپورٹر) نے میاں چنوں میں ملاوٹی سرخ مرچوں کی تیاری اور فروخت کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 11 من سے زائد ملاوٹی مرچیں تلف کر دیں ۔۔

، جبکہ مصالحہ چکی کی پیداوار بند کرکے مالک کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔ فوڈ اتھارٹی کے مطابق ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیم نے مرکزی جامعہ مسجد چوک میں قائم ایک مصالحہ چکی پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران سرخ مرچوں میں مصنوعی رنگ کی ملاوٹ، غیر معیاری خام مال کا استعمال اور پیکنگ پر جعلی لیبلنگ پائی گئی۔معائنے کے دوران 11 من سے زائد ملاوٹی سرخ مرچیں برآمد کرکے موقع پر تلف کر دی گئیں۔ فوڈ اتھارٹی کے مطابق پیکنگ پر غلط پتہ درج کرکے صارفین کو گمراہ کیا جا رہا تھا، جبکہ تیار شدہ ملاوٹی مرچیں مختلف کریانہ سٹورز، ہوٹلوں اور دیگر مراکز پر سپلائی کے لئے تیار کی جا رہی تھیں۔فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر مصالحہ چکی کی پروڈکشن فوری طور پر بند کر دی گئی اور مالک کے خلاف ایف آئی آر درج کرا دی گئی۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے کہا کہ ملاوٹ اور جعل سازی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، جبکہ محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے پنجاب بھر میں نگرانی کا نظام مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں