سفری سہولیات ،الیکٹرک ٹیکسی سکیم میں توسیع کا فیصلہ

سفری سہولیات ،الیکٹرک ٹیکسی سکیم میں توسیع کا فیصلہ

جامع حکمت عملی مرتب کرنے اور عملی اقدامات جلد مکمل کرنیکی ہدایت

لاہور (سٹاف رپورٹر سے )پنجاب حکومت نے ماحول دوست سفری سہولیات کے فروغ کے لیے الیکٹرک ٹیکسی سکیم میں توسیع کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ لاہور کے لیے مختص الیکٹرک ٹیکسیوں کی تعداد گیارہ سو سے بڑھا کر پندرہ سو کرنے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے ، جبکہ منصوبے کے تحت مزید چار سو نئی گاڑیاں خریدی جائیں گی۔وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو منصوبے کی توسیع کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرنے اور تمام انتظامی و عملی اقدامات جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔ الیکٹرک ٹیکسی سکیم کے نئے مرحلے میں رجسٹریشن کا عمل دوبارہ شروع کیا جائے گا، جس کے لیے بینک آف پنجاب درخواستیں وصول کرے گا۔ اس مرحلے میں سابقہ رجسٹریشن یا موصول ہونے والی درخواستوں کو شامل نہیں کیا جائے گا، بلکہ تمام امیدواروں سے نئے سرے سے اظہارِ دلچسپی طلب کیا جائے گا تاکہ تمام درخواست گزاروں کو یکساں بنیاد پر موقع فراہم کیا جا سکے ۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سکیم کے پہلے مرحلے میں 66 ہزار 10 افراد نے رجسٹریشن کرائی تھی، جبکہ مجموعی طور پر 22 ہزار 882 درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ تاہم حکومت نے نئے مرحلے میں سابقہ ڈیٹا استعمال نہ کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں