گورنر پنجاب ویمن یونیورسٹی کانووکیشن میں شرکت کریں گے

گورنر پنجاب ویمن یونیورسٹی کانووکیشن میں شرکت کریں گے

وی سی کی ملاقات ،ترقیاتی منصوبوں، معیاری تعلیم کیلئے تعاون کی یقین دہانی

ملتان (خصوصی رپورٹر)گورنر پنجاب و چانسلر، سردار سلیم خان نے دی ویمن یونیورسٹی ملتان کی آئندہ کانووکیشن میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی دعوت قبول کرتے ہوئے یونیورسٹی کے ترقیاتی منصوبوں اور تعلیمی اقدامات کی بھرپور حمایت کی یقین دہانی کرا دی۔ترجمان کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول نے گورنر پنجاب سے ملاقات کرکے انہیں یونیورسٹی کی تعلیمی ترجیحات، ادارہ جاتی اصلاحات، مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے تعلیمی معیار، مؤثر انتظامی نظام، میرٹ، شفافیت اور بہترین طرز حکمرانی کے فروغ کے لئے اپنی حکمت عملی بھی پیش کی۔گورنر پنجاب نے وائس چانسلر کی قیادت، ویژن اور خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی سربراہی میں یونیورسٹی نے تعلیمی اور انتظامی شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تعلیمی معیار، ادارہ جاتی ترقی، طلبہ کی فلاح و بہبود اور خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق تمام مثبت اقدامات میں گورنر ہاؤس مکمل تعاون فراہم کرے گا۔چانسلر نے ہدایت کی کہ میرٹ، شفافیت اور معیاری تعلیم کو یونیورسٹی کی ترقی کا بنیادی اصول بنایا جائے تاکہ دی ویمن یونیورسٹی ملتان خواتین کی اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ملک کے ممتاز اداروں میں اپنی شناخت مزید مستحکم کر سکے ۔ملاقات کے اختتام پر وائس چانسلر نے گورنر پنجاب کو آئندہ کانووکیشن میں شرکت کی دعوت دی، جسے انہوں نے خوش دلی سے قبول کرتے ہوئے یونیورسٹی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں