صوبائی وزیرِ صحت کا ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ کا دورہ
مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی میں کوتاہی برداشت نہیں :عمران نذیر
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )صوبائی وزیرِ صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے میڈیکل ایمرجنسی، کیتھ لیب اور ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ صوبائی وزیر نے زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور علاج معالجے کے معیار کے بارے میں دریافت کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر و دیگر ضلعی افسران بھی موجود تھے ۔صوبائی وزیر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سرکاری ہسپتالوں میں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال جھنگ میں تمام ضروری طبی سہولیات، ادویات اور طبی آلات کی دستیابی کے لیے مؤثر اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو بروقت اور معیاری علاج میسر آ سکے ۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویڑن کے مطابق عوام کو باوقار، معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام سرکاری ہسپتالوں کی مسلسل نگرانی اور بہتری کا عمل جاری رہے گا۔