کمشنر و ڈپٹی کمشنر کا علی پورچٹھہ میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ
دورے سے قبل انتظامیہ متحرک ‘عارضی تجاوزات ، رکشہ سٹینڈ کا خاتمہ
علی پورچٹھہ (تحصیل رپورٹر ) کمشنر و ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کا علی پورچٹھہ کا دورہ، بس سٹینڈ، پارکس، جناح لائبریری اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ، صفائی یقینی بنانے اور تجاوزات کے خاتمے کی ہدایت کر دی ۔کمشنر محمد علی اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ وزیرآباد نوید احمد نے علی پورچٹھہ کا دورہ کرتے ہوئے شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی سہولیات اور بلدیاتی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے بس سٹینڈ، کمیونٹی پارک، لیڈیز پارک، جناح لائبریری، ٹاؤن ہال اور شہر کے مختلف بازاروں کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسر وں کو تعمیراتی کاموں، صفائی، تزئین و آرائش اور شہری سہولیات کی بہتری کے حوالے سے ہدایات جاری کیں۔ دورے سے قبل میونسپل کمیٹی کی جانب سے شہر کی مرکزی شاہراہوں پر قائم متعدد عارضی تجاوزات، ناجائز رکشہ سٹینڈ اور غیر قانونی اڈوں کو ہٹا کر سڑکوں کو کلیئر کیا گیا تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے اور سرکاری دورے کے دوران شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ کمشنر نے زیر تعمیر علی پورچٹھہ بس سٹینڈ کا معائنہ کیا اور مقررہ مدت میں کام مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔جناح لائبریری اور ٹاؤن ہال کا دورہ کیا جہاں لائبریری کی تزئین و آرائش، صفائی، نئی کتب کے اضافے ، عمارت کی بحالی اور مجموعی انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔