راہوالی ویلفیئر سوسائٹی کا اجلاس‘ ترقیاتی منصوبوں پر غور
ہسپتال، اوورہیڈ برج اور میٹرو سٹیشن کیلئے حکام سے رابطے کا فیصلہ علاقائی مسائل کے حل کیلئے عوامی وفد ایم این اے اور ڈی سی سے ملے گا
راہوالی (نامہ نگار)راہوالی ویلفیئر سوسائٹی کا جنرل اجلاس جامعہ چشتیہ رضویہ ضیاء القرآن میں مہتممِ اعلیٰ پروفیسر حافظ شبیر حسین چشتی کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں جامعہ کے ناظمِ اعلیٰ علامہ عطا المصطفی جمیل نے سوسائٹی کے ارکان کو گزشتہ چھ ماہ کے دوران مکمل ہونے والے ترقیاتی اور تعمیراتی کاموں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے موجودہ مسائل پر بھی روشنی ڈالی، جن میں ہسپتال کی منظوری اور تعمیر، ریلوے پھاٹک کے قریب مشرقی و مغربی راہوالی کو ملانے کے لیے اوورہیڈ برج، یونین کونسل شرقی راہوالی میں سیوریج منصوبے کے لیے حکومت کی جانب سے فراہم کردہ 25 کروڑ روپے کی گرانٹ کا استعمال نہ ہونا شامل ہے ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ شریف پورہ وارڈ نمبر 6 میں شاملاتِ دیہہ کی 24 مرلہ سرکاری اراضی، جسے حاجی خالد پرویز بٹ اور مقامی شہریوں کی کوششوں سے واگزار کرا کے محکمہ مال سے باقاعدہ کمپیوٹرائزڈ نشاندہی حاصل کی گئی، پر زچہ و بچہ مرکز یا خواتین کے لیے سلائی تربیتی مرکز قائم کرنے کی تجویز زیر غور ہے ۔شرکا نے حکومتی نمائندوں سے چار ایکڑ سرکاری اراضی پر ہسپتال کی تعمیر، ریلوے پھاٹک پر اوورہیڈ برج، راہوالی میں میٹرو بس اسٹیشن اور انڈر پاس کی تعمیر کے لیے مؤثر کوششیں کرنے پر اتفاق کیا۔اجلاس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ علاقے کے مسائل کے حل کے لیے عوامی نمائندہ وفد رکنِ قومی اسمبلی محمود بشیر ورک اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سے ملاقات کرے گا۔ اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ راہوالی کے عوامی مسائل کے حل کے لیے پہلے کی طرح مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ اجلاس میں حاجی غلام سرور وڑائچ، حاجی خالد پرویز بٹ، چوہدری اصغر وڑائچ، چوہدری کریم حسن بھنڈر، عمران احمد خان شیروانی، بلال مصطفیٰ بٹ اور دیگر نے شرکت کی۔