لاپتا تاجر کی بازیابی سے متعلق درخواست پرفریقین کو نوٹس
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے گلستانِ جوہر سے مبینہ طور پر لاپتہ ہونے والے تاجر کی بازیابی سے متعلق درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 22 جولائی تک جواب طلب کر لیا۔
سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل ضیاء اعوان ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ سید راشد علی کو 2 جولائی کو گلستانِ جوہر بلاک 16 میں واقع ان کے گھر سے اٹھایا گیا۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود ہے ۔ وکیل نے مزید کہا کہ درخواست گزار نے پولیس سے متعدد بار رابطہ کیا، تاہم اس کے باوجود مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔