چلڈرن ہوم فیصل آباد میں بچوں اور نگران عملہ کیلئے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

چلڈرن ہوم فیصل آباد میں بچوں اور نگران عملہ کیلئے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

ہر بچہ ریاست کی ذمہ داری،تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا: زیب وسیم ،محفوظ بچے ، مضبوط مستقبل کے ہدف کیلئے عملے کی تربیت ناگزیر ہے :ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خالدہ رفیق

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام سوشل ویلفیئر ٹریننگ انسٹیٹیوٹ لاہور اور کمیونٹی ورلڈ سروس ایشیا کے باہمی اشتراک سے چلڈرن ہوم فیصل آباد میں بچوں اور نگران عملہ کیلئے \'بچوں کا تحفظ اور سلامتی کے عنوان سے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، اس کا مقصد اقوامِ متحدہ کے عالمی معاہدے کی روشنی میں عملے کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور بچوں کو تشدد و استحصال سے پاک ماحول فراہم کرنا تھا۔تقریب میں پرنسپل سوشل ویلفیئر ٹریننگ انسٹیٹیوٹ لاہورزیب وسیم نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے انقلابی ویژن پر روشنی ڈالتے کہا کہ پنجاب کا ہر بچہ ریاست کی ذمہ داری ہے اور انہیں بہترین تعلیم، صحت اور محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

بچوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور غفلت برتنے پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے عملے کی جدید تربیت اور اداروں میں نگرانی کا نظام مزید سخت کرنے پر زور دیا۔ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خالدہ رفیق نے خطاب میں کہا کہ محفوظ بچے ، مضبوط مستقبل  کے ہدف کیلئے عملے کی تربیت ناگزیر ہے ، یہ تربیتی پروگرام صوبہ بھر میں پھیلایا جا رہا ہے ۔ ورکشاپ میں سید سلیم عباس اور برہان نے بطور ماسٹر ٹرینرز فرائض سرانجام دیئے جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹرہیڈ کوارٹر طیب بھٹی اوراسسٹنٹ ڈائریکٹر چلڈرن ہوم اسد سرفراز کھوکھر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں