ہاؤسنگ سکیموں کی منظوری میں رکاوٹیں ختم کرنے کا حکم
شہریوں کو معیاری رہائشی سہولیات کی فراہمی ترجیحات میں شامل :مسرت جبیں
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے ہدایت کی ہے کہ فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے )میں منظوری کے مراحل سے گزرنے والی تمام پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں کی فائلوں کی تکمیل میں حائل محکمانہ رکاوٹوں کو مربوط حکمت عملی سے دور کریں،متعلقہ محکمے این او سیز (NOCs)، اجازت ناموں اور دیگر دفتری تقاضوں کی تکمیل کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائیں تاکہ ہاؤسنگ سکیموں کی جلد منظوری سے شہریوں کے مسائل حل ہو سکیں۔ یہ ہدایات انہوں نے کمشنر آفس میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں جس میں پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں کی منظوری اور درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شرینہ جنیجو، تنویر مرتضی، قیصر عباس رند، محمد سرور،اسسٹنٹ کمشنر جنرل عطیہ عنایت،ڈائریکٹرز اسماء محسن، جنید حسن منج، سہیل مقصود پنوں، یاسر اعجاز چٹھہ، افنان سعید سندھو، اور دیگر متعلقہ افسر بھی موجود تھے ۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ متعدد پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں کی منظوری مختلف متعلقہ محکموں سے این او سیز اور دیگر قانونی تقاضے مکمل نہ ہونے کے باعث زیر التوا ہیں۔کمشنر مسرت جبیں نے کہا کہ شہریوں کو معیاری رہائشی سہولیات کی بروقت فراہمی حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔