خوشاب:ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت پبلک پراسیکیوشن اجلاس
خوشاب:ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت پبلک پراسیکیوشن اجلاسغریب اور معذور افراد کو مفت قانونی معاونت یقینی بنانے کی ہدایت
خوشاب (نمائندہ دنیا)ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوشن سے متعلق جائزہ اجلاس ڈی سی آفس کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر پرویز اقبال، چاروں تحصیلوں کے پراسیکیوشن افسران، ڈی ایس پی صدر ذوالفقار احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر ہاؤسنگ شکیل احمد نیازی اور پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کے دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر پرویز اقبال نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایات کے مطابق پنجاب لیگل ایڈ ایجنسی کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور غریب، نادار اور معذور افراد کو مقدمات میں سرکاری وکیل کے ذریعے مفت قانونی معاونت فراہم کی جا رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے موجودہ دور میں مستحق افراد کو بلا معاوضہ قانونی خدمات کی فراہمی حکومت پنجاب اور پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کی اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ خوشاب میں ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوشن کی علیحدہ عمارت قائم کر دی گئی ہے اور محکمہ کو دیگر ضروری سہولیات اور مراعات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے کرائم کیسز، محکمانہ کارکردگی، مقدمات کی نوعیت اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے پراسیکیوشن افسران کو ہدایت کی کہ تمام مقدمات کی بھرپور تیاری کے ساتھ عدالتوں میں مؤثر پیروی یقینی بنائیں، مقدمات کا مضبوط دفاع کریں اور غریب، معذور اور نادار افراد کو زیادہ سے زیادہ قانونی ریلیف فراہم کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں۔