میٹرک سائنس کے نتائج،کامیابی کا تناسب 80.87 فیصد
گزشتہ برس کے مقابلے میں پانچ ہزار سے زائد امیدوار اے ون گریڈ میں کامیاب ثانوی تعلیمی بورڈ کا سرور ڈاؤن، طلبہ کا ریکارڈ مشکوک،والدین پریشانی کاشکار
کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) میٹرک بورڈ کراچی نے دسویں جماعت سائنس کے سالانہ امتحانات برائے 2026 کے نتائج کا اعلان کردیا۔ دہم جماعت سائنس گروپ کا مجموعی کامیابی کا تناسب 80.87 فیصد رہا۔ امتحانات میں 1 لاکھ 75 ہزار 200 امیدوار شریک ہوئے ۔ 1 لاکھ 41 ہزار 868 امیدوار کامیاب جبکہ 29 ہزار 655 ناکام قرار پائے ۔رواں سال اے ون گریڈ امیدواروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔ گزشتہ برس کے مقابلے میں پانچ ہزار سے زائد امیدوار اے ون گریڈ میں کامیاب ہوئے۔ رواں سال ایک لاکھ 75 ہزار 200 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جبکہ اے ون گریڈ طلبہ کی تعداد 35 ہزار 529 رہی۔
دوسری جانب امتحانات کے نتائج کے اعلان کے بعد آئی ٹی سسٹم کی کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھنے لگے ۔ نتائج جاری ہوتے ہی بورڈ کا سرور بار بار ڈاؤن ہوتا رہا جس کے باعث ہزاروں طلبہ اور والدین کو اپنے نتائج معلوم کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔نتائج کے اجرا کے بعد متعدد طلبہ کے ریکارڈ میں مبینہ بے ضابطگیاں بھی سامنے آئیں۔ اس صورتحال نے طلبہ اور والدین کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا اور بورڈ انتظامیہ سے درست نتائج جاری کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے ۔چیئرمین میٹرک بورڈ نے کہا کہ اگر تحقیقات میں آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کی غفلت ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔