غزہ کوصیہونیوں کے ماتحت کرنیکا منصوبہ شرمناک، تنظیم اسلامی
صیہونی امن کے دشمن، مذاکرات کے دوران ایران پرحملہ ثبوت، شجاع الدین
دادو (ڈسٹرکٹ ڈیسک)بورڈ آف پِیس کے نام پر غزہ کے عوام و مجاہدین کو صیہونیوں کے ماتحت کرنے کا منصوبہ شرمناک ہے ۔ مذاکراتی عمل کے دوران ایران پر دوبارہ حملوں نے ثابت کر دیا کہ صیہونی امن کے اصل دشمن ہیں۔ تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے بیان میں کہا کہ ناجائز صیہونی ریاست اسرائیل گزشتہ 1000 سے زائد دنوں سے غزہ میں عورتوں اور بچوں سمیت مسلمانوں کی نسل کُشی کو مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے ، جس میں اُسے امریکہ اور کئی دیگر مسلم دشمن ممالک کی مکمل معاونت حاصل ہے ۔ ستمبر2025ء میں طے پانے والے نام نہاد ‘غزہ امن معاہدے ’ کی مسلسل دھجیاں بکھیری جا رہی ہیں۔ صیہونی غزہ کے مظلوم عوام تک خوراک اور ادویات پہنچنے کے راستے میں مسلسل رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔
پھر یہ کہ غزہ امن معاہدے کے بعد بھی اسرائیل غزہ کے مسلمانوں پر جان لیوا حملے کر رہا ہے اور عالمی اداروں کی رپورٹس کے مطابق غزہ کے 80 فیصد سے زائد علاقے پر قبضہ جما چکا ہے ۔ بورڈ آف پِیس کے نام پر بعض مسلم ممالک کے وسائل و عسکری قوت کو امن کے قیام کی آڑ میں صیہونی مفادات کو تقویت دینے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے ، جو عالمِ اسلام کے لیے ڈوب مرنے کا مقام ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ غزہ کے مجاہدین کو اِس قدر تنہا کر دیا گیا کہ وہ اپنی حکومت ختم کرکے صیہونی درندگی سے عوام کو محفوظ رکھنے تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔ امیر تنظیم نے ایک بار پھر پاکستان سمیت مسلم ممالک سے اپیل کی کہ بورڈ آف پِیس سے فوری طور پر علیحدہ ہوں۔