باؤ ٹرین ،ساندل ایکسپریس کو ملکوال تک بحال کرنے کا مطالبہ
دونوں ٹرینوں کا روٹ بندش کے وقت ملکوال تک تھا، تبدیلی قبول نہیں :انجمن تاجران
ملکوال(نمائندہ دنیا )مرکزی انجمن تاجران نے باؤ ٹرین اور ساندل ایکسپریس کو ملکوال تک بحال کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ محکمہ ریلویز نے ملکوال سے لاہور تک چلنے والی مسافر ٹرین کو 2010 میں بند کردیا تھا جبکہ ملکوال سے ملتان تک چلنے والی مسافر ٹرین ساندل ایکسپریس کو بھی ریلوے بحران کی وجہ سے بند کر دیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ باؤ ٹرین کی بندش کی وجہ سے ملکوال، منڈی بہا ئوالدین اور ڈنگہ سمیت کئی علاقوں کے تاجروں اور شہریوں کو لاہور جانے کی ٹرین سہولت ختم ہو گئی جبکہ ساندل ایکسپریس کے ذریعے ملکوال، منڈی بہا ئوالدین، پھلروان، بھلوال سمیت کئی علاقوں کے سینکڑوں مسافروں کو جنوبی پنجاب جانے کی سہولت ختم ہو گئی ۔ ریلوے ذرائع کے مطابق اب باؤ ٹرین کو لالہ موسیٰ سے لاہور جبکہ ساندل ایکسپریس کو سرگودھا سے ملتان تک بحال کیا جا رہا ہے ۔ ریلو یز حکام کے فیصلہ پر مرکزی انجمن تاجران کے قائم مقام صدر عدنان محمود چودھری، نائب صدر خرم شہزاد بھلر اور سیکرٹری زاہد محمود بھیروی نے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دونوں ٹرینوں کا روٹ بندش کے وقت ملکوال تک تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکام اب ان ٹرینوں کو ملکوال تک بحال کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments