علی پورچٹھہ اور نواحی علاقوں میں اتائی ڈاکٹروں کی بھرمار
مہنگا علاج عذاب بن گیا، شہری طبی سہولیات سے محرومی پر سراپا احتجاج
علی پورچٹھہ (تحصیل رپورٹر) علی پورچٹھہ اور نواحی علاقوں میں اتائی ڈاکٹروں کی بھرمار ہوگئی ، مہنگا علاج شہریوں کیلئے عذاب بن گیا، شہری طبی سہولیات سے محرومی پر سراپا احتجاج بن گئے ۔ تحصیل علی پورچٹھہ میں متعدد سرکاری طبی مراکز اور ہسپتال موجود ہونے کے باوجود شہریوں کو معیاری طبی سہولیات میسر نہیں۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ بیشتر سرکاری ہسپتالوں میں ادویات، جدید طبی آلات، لیبارٹری سہولیات اور ماہر ڈاکٹروں کی کمی کے باعث مریضوں کو مناسب علاج نہیں مل پاتا جس کے نتیجے میں انہیں مہنگے نجی ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے ، معمولی بیماری کی تشخیص کیلئے بھی مریضوں کو متعدد لیبارٹری ٹیسٹ، ایکسرے اور دیگر مہنگے طبی معائنے تجویز کئے جاتے ہیں جس سے ان پر اضافی مالی بوجھ پڑتا ہے ۔ دوسری جانب شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں اتائی ڈاکٹروں اور غیر مستند معالجین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جوبغیر کسی مناسب طبی تعلیم اور تربیت مریضوں کا علاج کر رہے ہیں اور اکثر طاقتور انجکشنز، سٹیرائیڈز اور دیگر ادویات کا بے دریغ استعمال کرتے ہیں جس کے باعث لوگ سنگین بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکام صورتحال کا نوٹس لیں اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کریں ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments