زرعی یونیورسٹی،حبیب بینک کا تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی اور حبیب بینک کے وفد کے درمیاں ملاقات
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور حبیب بینک لمیٹڈ نے زراعت کے فروغ، کسانوں کی تربیت، جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اور پائیدار زرعی ترقی کے لیے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے ۔ اس امر کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی اور حبیب بینک کے وفد کے درمیان یونیورسٹی میں ہونے والی ملاقات کے دوران کیا گیا۔حبیب بینک کے وفد میں جی ایم ایس ایم ای اینڈ ایگری عمر نذیر وڑائچ، جی ایم ایگری سیل سرفراز حسین اور ہیڈ ایچ آر ریلیشن شپ مینجمنٹ سنٹرل شہلا جاوید خان شامل تھے ۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ زرعی شعبے کو درپیش جدید چیلنجز سے نمٹنے اور کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی، علمی معاونت اور مالیاتی سہولیات تک رسائی فراہم کرنے کے لیے جامعات اور مالیاتی اداروں کا مشترکہ کردار ناگزیر ہے ۔ زرعی یونیورسٹی کسانوں کی استعداد کار میں اضافے ، جدید زرعی طریقوں کے فروغ اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لیے پروگرامز کی تیاری میں حبیب بینک کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اور صنعت کے درمیان مضبوط روابط کے نتیجے میں زرعی پیداوار میں اضافہ، پیداواری لاگت میں کمی اور پائیدار زراعت کے فروغ میں مدد مل سکتی ہے ۔ زرعی یونیورسٹی کسانوں کو بااختیار بنانے اور زرعی ویلیو چین کو مضبوط بنانے کے لیے اپنی تحقیقی مہارت اور تکنیکی معاونت فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments