جنرل ہسپتال سمن آباد: مریض سہولیات سے محروم

جنرل ہسپتال سمن آباد: مریض سہولیات سے محروم

ہسپتال انتظامیہ پر غفلت کا الزام ، مفت علاج کے دعووں کے برعکس ادویات اور دیگر بنیادی سہولیات ہی دستیاب نہیں ،عملے کی غیر حاضری معمول

فیصل آباد (عبدالباسط سے )گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد، جو شہریوں کو مفت علاج معالجے اور طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے قائم کیا گیا تھا، انتظامی عدم توجہی اور مبینہ غفلت کے باعث مسائل کا گڑھ بنتا جا رہا ہے ۔ کئی کلومیٹر دور دراز علاقوں سے علاج کی غرض سے آنے والے مریض مطلوبہ سہولیات نہ ملنے پر مایوس واپس لوٹنے پر مجبور ہیں، جبکہ ہسپتال انتظامیہ پر ادویات اور بنیادی سہولیات کی فراہمی میں غفلت برتنے کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق محلہ سمن آباد میں قائم 250 بیڈز پر مشتمل گورنمنٹ جنرل ہسپتال کا قیام تقریباً نو سال قبل عمل میں لایا گیا تھا۔ ابتدائی برسوں میں مریضوں کو ادویات، طبی عملے اور دیگر سہولیات کی مناسب فراہمی یقینی بنائی گئی، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ انتظامی کمزوریوں کے باعث ہسپتال کی کارکردگی متاثر ہونا شروع ہوگئی۔اطلاعات کے مطابق ہسپتال کے مختلف شعبوں میں آنے والے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔

مفت ادویات کے حصول کے لیے گھنٹوں انتظار کے باوجود بیشتر مریضوں کو صرف طبی نسخہ تھما کر ادویات بازار سے خریدنے کا مشورہ دیا جاتا ہے ۔ مریضوں اور ان کے لواحقین کا کہنا ہے کہ سرکاری ہسپتال میں مفت علاج کے دعووں کے برعکس ادویات اور دیگر بنیادی سہولیات دستیاب نہیں ہوتیں۔ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ نائٹ شفٹ کے دوران ایمرجنسی سمیت بعض وارڈز میں عملے کی غیر حاضری معمول بنتی جا رہی ہے ، جس کے باعث رات کے وقت آنے والے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد بار شکایات کے باوجود مسائل جوں کے توں ہیں اور متعلقہ حکام صورتحال بہتر بنانے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے ۔عوامی حلقوں نے محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد میں ادویات، طبی عملے اور دیگر ضروری سہولیات کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ مریضوں کو بہتر اور بروقت طبی خدمات میسر آسکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...