علی پورچٹھہ کا نوجوان ڈنکی لگا تے موت کی وادی میں جا پہنچا
محلہ درس القرآن کارہائشی عادل انصاری ایران بارڈر پر زندگی کی بازی ہار گیا
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )علی پورچٹھہ کا نوجوان ڈنکی لگا کر موت کی وادی میں جا پہنچا۔ بہتر مستقبل کی تلاش میں غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والا محلہ درس القرآن رہائشی کا نوجوان عادل انصاری مبینہ طور پر ایران بارڈر پر زندگی کی بازی ہار گیا۔ انسانی سمگلروں کے سنہرے مستقبل کے جھانسے نے ایک اور خاندان کو غم میں مبتلا کر دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی گھر میں کہرام مچ گیا جبکہ اہلخانہ لخت جگر کی میت کی واپسی کے منتظر ہیں۔ علاقہ مکینوں کے مطابق علی پورچٹھہ اور گردونواح میں ماضی قریب میں درجنوں نوجوان مبینہ طور پر انسانی سمگلروں کے ہاتھوں جانیں گنوا چکے ہیں مگر غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک بھیجنے والے ایجنٹوں کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے پر تشویش پائی جاتی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بے روزگاری، معاشی مشکلات اور بہتر مستقبل کی خواہش نوجوانوں کو خطرناک راستے اختیار کرنے پر مجبور کر رہی ہے جبکہ انسانی سمگلر انہیں یورپ میں سنہری مستقبل، روزگار اور خوشحال زندگی کے سہانے خواب دکھا کر لاکھوں روپے بٹور لیتے ہیں ،بعد ازاں یہی خواب کئی خاندانوں کیلئے موت کی خبر اور عمر بھر کا دکھ بن جاتے ہیں۔ شہریوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments