پولیس افسران کی ذاتی تشہیر اور شخصی تشخص نمایاں کرنے والے مواد کے استعمال پر پابندی عائد

پولیس افسران کی ذاتی تشہیر اور شخصی تشخص نمایاں کرنے والے مواد کے استعمال پر پابندی عائد

سرکاری تشہیر میں کسی فرد کے بجائے پولیس کے ادارہ جاتی تشخص، عوامی خدمت اور کارکردگی کو اجاگر کیا جائے ،خلاف ورزی پرمتعلقہ افراد کے خلاف کارروائی ہوگی،سرکلر جاری

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کی ہدایت پر کراچی پولیس نے افسران کی ذاتی تشہیر اور شخصی تشخص کو نمایاں کرنے والے تشہیری مواد کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے ۔ایڈیشنل آئی جی کے سرکلر میں تمام پولیس یونٹس اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ سرکاری تشہیر میں کسی فرد کے بجائے کراچی پولیس کے ادارہ جاتی تشخص، عوامی خدمت اور کارکردگی کو اجاگر کیا جائے۔ سرکلر کے مطابق کسی بھی پولیس افسر کی تصویر یا پورٹریٹ کو بینرز، بل بورڈز، ہورڈنگز، پوسٹرز، اسٹینڈیز، بیک ڈراپس، اشتہارات یا دیگر تشہیری و پروموشنل مواد پر استعمال نہیں کیا جائے گا۔یہ پابندی پولیس گاڑیوں، پولیس عمارتوں کے باہر اور دیگر عوامی مقامات پر آویزاں تشہیری مواد کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا، الیکٹرانک میڈیا اور دیگر میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی لاگو ہوگی۔

سرکلر میں واضح کیا گیا ہے کہ سرکاری تشہیر کا مقصد کسی افسر کی ذاتی تشہیر نہیں بلکہ پولیس کی مجموعی کارکردگی، عوامی خدمات، اہم اقدامات، کامیابیوں اور عوامی آگاہی کے پیغامات کو نمایاں کرنا ہے ۔تاہم پولیس شہداء کی تصاویر سرکاری یادگاری تقریبات، خراجِ عقیدت، میموریلز اور دیگر مجاز مواقع پر احترام اور وقار کے ساتھ استعمال کی جا سکیں گی۔تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ داری کا تعین کرتے ہوئے متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس ترجمان نے کہا کہ کراچی پولیس کا بنیادی مقصد کسی فرد کو نمایاں کرنا نہیں بلکہ عوام کا اعتماد مضبوط بنانا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...