عوامی تقریبات کے لیے سکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کی ہدایت

عوامی تقریبات کے لیے سکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کی ہدایت

اسنیپ چیکنگ، پیٹرولنگ اور پکٹنگ کو مزید موثر بنایا اور مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے ،آئی جی سندھافسران فیلڈ میں جا کر سکیورٹی انتظامات کا از خود جائزہ لیں اور ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کی مؤثر نگرانی یقینی بنائیں،اجلاس

کراچی(اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی زیر صدارت سینٹرل پولیس آفس میں صوبے بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور سکیورٹی اقدامات پر اعلی سطح جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جیز کراچی، اسپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، آپریشنز، ڈی آئی جیز اسٹیبلشمنٹ، سی ٹی ڈی، ایس پی یو، اسپیشل برانچ، اے آئی جیز اور ایس ایس پیز نے بالمشافہ شرکت کی۔ جبکہ زونل، ڈویژنل ڈی آئی جیز اور ضلعی ایس ایس پیز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کے شرکاء کو کراچی سمیت صوبے بھر کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس کے علاوہ آپریشن نجات مہران، غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی، ربیع الاول کے اجتماعات، اہم تقریبات اور عوامی مجالس کے سکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ایڈیشنل آئی جی کراچی نے بتایا کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال اور جرائم کے سدباب کے لیے پولیس مؤثر حکمت عملی اور لائحہ عمل پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں عوامی تقریبات، اجتماعات اور مجالس کی سیکورٹی سے متعلق جامع اور ٹھوس اقدامات کیے گئے ہیں۔ آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ہدایت کی کہ عوامی تقریبات اور موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کراچی شہر میں سکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کیے جائیں۔

شہر بھر میں اسنیپ چیکنگ، پیٹرولنگ اور پکٹنگ کو مزید مؤثر بنایا جائے اور مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن نجات مہران میں حاصل ہونے والے مقاصد کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے کچے کے علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر اور ان کے ممکنہ گٹھ جوڑ پر کڑی نظر رکھی جائے ۔ امن و امان کی صورتحال کو متاثر کرنے والے شرپسند عناصر کے خلاف سخت و بلا تفریق کارروائی کو یقینی بنایا جائے ۔آئی جی سندھ نے کہا کہ جرائم کے مکمل خاتمے تک پولیس افسران اور جوان پوری مستعدی سے فرائض کی انجام دہی یقینی بنائیں۔ غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں جا کر سکیورٹی انتظامات کا از خود جائزہ لیں، ماتحت عملے کو بریف کریں اور ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کی مؤثر نگرانی یقینی بنائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...