سیالکوٹ میں لیبر کالونی بنانے کا اعلان
شہر اقبال کے محنت کشوں کا ہنر پور ی دنیا مانتی ،حق ہر صورت ادا کیا جائیگا :صوبائی وزیر منشا اللہ بٹ ،لیبر کیلئے فلیٹس بھی تعمیر کئے جا سکتے ہیں:صدر چیمبر آف کامرس
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب محمد منشا اﷲ بٹ نے سیالکوٹ میں نئی لیبر کالونی کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزدوروں اور ورکرز کی فلاح و بہبود وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا وژن ہے جس پر حکومت بھرپور انداز میں عمل پیرا ہے ۔سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں مزدوروں اور ورکروں میں میرج و ڈیتھ گرانٹس کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر نے 419 میرج گرانٹس اور 57 ڈیتھ گرانٹس کے چیکس تقسیم کئے ۔ مجموعی طور پر 16 کروڑ 70 لاکھ روپے کے چیکس تقسیم کئے گئے ۔تقریب میں کمشنر پیسی ذوالفقار علی کھرل، صدر سیالکوٹ چیمبر سید احتشام مظہر، ڈی جی لیبر ویلفیئر سیدہ کلثوم اور رکن صوبائی اسمبلی فیصل اکرام بھی موجود تھے۔
منشا اﷲ بٹ نے کہا کہ مزدوروں کی میرج گرانٹ 4 لاکھ روپے سے بڑھا کر 6 لاکھ روپے جبکہ ڈیتھ گرانٹ 6 لاکھ سے بڑھا کر 8 لاکھ روپے کردی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کا صنعتکار پاکستان کا سفیر ہے جو دنیا بھر میں ملک کا پرچم بلند کر رہا ہے ، سیالکوٹ کے ہنرمندوں کی ہنر مندی کا لوہا پوری دنیا مانتی ہے ، ان کا حق ہر صورت ادا کیا جائے گا۔ صدر سیالکوٹ چیمبر احتشام مظہر نے کہا کہ سیالکوٹ کے صنعتکار دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں اور ان کا اصل اثاثہ محنت کش ہیں، صنعتکار اور مزدور مل کر ملک کیلئے زرمبادلہ کما رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے لیبر کے لیے فلیٹس بھی تعمیر کئے جا سکتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments