گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال کی سی ٹی سکین مشین پھر خراب
ڈپٹی کمشنر نوید احمد کی مشین کی تبدیلی یا سروسز آئوٹ سورس کرنے کی ہدایت
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر )ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، صفائی ستھرائی، سکیورٹی، پارکنگ اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا،دورے کے دوران ہسپتال کی سی ٹی سکین مشین خراب پائی گئی۔ ایم ایس نے ڈپٹی کمشنر کو مشین کی مرمت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فعال ہونے میں مزید ایک ہفتہ درکار ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے مشین کی بار بار خرابی کا نوٹس لیتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ CT سکین مشین کی تبدیلی یا محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مروجہ ماڈل کے تحت سروسز آؤٹ سورس کرنے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں تاکہ مریضوں کو تشخیصی سہولیات کے حصول میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈپٹی کمشنر نے پرچی کاؤنٹر کا بھی معائنہ کیا جہاں مریضوں کے رش کے پیش نظر انہوں نے دو اضافی کمپیوٹر سسٹمز فوری نصب کرنے اور اضافی عملہ تعینات کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے ہسپتال کے سکیورٹی اور پارکنگ انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ گاڑیوں کی پارکنگ صرف مختص جگہوں پر یقینی بنائی جائے اور ہسپتال میں آمدورفت کے نظام کو بہتر بنایا جائے ۔ہسپتال کے مختلف حصوں کے معائنے کے دوران بیرونی راہداریوں اور پَرچی کاؤنٹرز کے اطراف صفائی کی صورتحال بھی تسلی بخش نہ پائی گئی جس پر ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو صفائی عملہ فوری طور پر متحرک کرنے اور صفائی کے معیار کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments