15 روزہ سلام کراچی فیسٹیول کا آغاز
تقریبات 7 ستمبر تک جاری رہیں گی،گرینڈ بازار، ثقافتی ڈانس شو اور خواتین کے اسٹالز لگائے جائیں گے ،روڈ شو اور میوزیکل پرفارمنس کا انعقاد ہوگا فیملی فیسٹیول، گیمز تفریح ،روڈ شو اور میوزیکل پرفارمنس بھی تقریبات کا حصہ،اتحاد اور یکسوئی کے ساتھ شہر کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے ، میئر
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے 15 روزہ جشن آزادی’’سلام کراچی‘‘ فیسٹیول کا افتتاح کردیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی مرتضٰی وہاب کا کہنا تھا کہ کراچی کے بارے میں جو منفی تاثر ہے اس کو ختم کریں گے ، مجھے دکھ ہوتا ہے لوگ ذاتی مقاصدِ کے لیے شہر کو نیچا دکھاتے ہیں، تعصب کی سوچ کو ختم کرنا ہوگا۔میئر کراچی نے کہا کہ مجھے جتنی بھی عزت ملی وہ کراچی سے ملی، ہم سے ملکر کراچی کی خوشیاں منائیں گے، 15 روزہ تقاریب کے لئے لوگ وقت نکالیں، شہر کو اپنی شان سمجھ کر کام کریں گے تو کوئی اس شہر کی ترقی کو روک نہیں سکتا، یہ شہر سب کا ہے ہمیں اس سوچ کو ختم کرنا ہے یہ شہر میرا ہے تیرا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم کراچی والے وہ اولاد ہیں جو محنت کرتے ہیں، اپنی محنت اور لگن سے پاکستان کی معیشت کو چلاتے ہیں۔ میئر کراچی نے کہا کہ اتحاد اور یکسوئی کے ساتھ شہر کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے ۔پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے آزادی فیسٹیول کی 15 روزہ تقریبات 24 اگست سے 7 ستمبر تک جاری رہیں گی۔ فیسٹیول کے سلسلے میں 25 اگست کو فریئر ہال میں گرینڈ بازار، ثقافتی ڈانس شو اور خواتین کے اسٹالز لگائے جائیں گے ، 26 اگست کو ایئرپورٹ سے میٹروپول تک بائیک ریلی کا انعقاد ہوگا جبکہ 27 اگست کو سفاری پارک میں فیملی فیسٹیول، ٹیلنٹ ہنٹ اور میوزیکل نائٹ ہوگی۔ 28 اگست کو سی ویو سے دو دریا تک سائیکل ریلی اور خصوصی سرگرمیوں کا انعقاد ہوگا، 29 اگست کو برنس روڈ پر سلام کراچی فوڈ فیسٹیول سجایا جائے گا، 30 اگست کو تین تلوار پر روڈ شو اور میوزیکل پرفارمنس کا انعقاد ہوگا، 31 اگست کو سی ویو پر میراتھن کا انعقاد ہوگا۔
یکم ستمبر کو این ای ڈی یونیورسٹی میں سیمینار اور ایوارڈز تقسیم کرنے کی تقریب ہوگی، 2 ستمبر کو پورٹ گرینڈ میں فیملی فیسٹیول، کھانوں، گیمز اور تفریح کا اہتمام ہوگا، 3 ستمبر کو سر سید یونیورسٹی میں سیمینار اور ایوارڈز تقسیم کرنے کی تقریب ہوگی۔4 ستمبر کو سفاری پارک میں فیملی میوزیکل اینڈ کڈز فیسٹیول کا انعقاد ہوگا، 5 ستمبر کو شاہراہِ فیصل پر روڈ شو اور میوزیکل پرفارمنس ہوگی، 6 ستمبر کو یومِ دفاع پاکستان کی مناسبت سے سی ویو پر کار ریلی کا انعقاد ہوگا، 7 ستمبر کو سلام کراچی فیسٹیول کی اختتامی تقریب منعقد ہوگی جس میں کے ایم سی اور ٹی ایم سی اسٹاف کے لیے ایوارڈ شو اور میوزیکل پروگرام بھی ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments