مافیا کی موجودگی میں ملک ترقی نہیں کرسکتا:ڈاکٹر طارق
عوام جدوجہد کا حصہ بنیں،حکومت کو پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کرنا پڑے گی
گجرات(سٹی رپورٹر )جماعت اسلامی پنجاب کے امیرڈاکٹرطارق سلیم نے پٹرولیم مصنوعات پرناجائز بھتہ لیوی ٹیکس اورحکومت کی ظالمانہ عوام دشمن پالیسیو ں کے خلاف جاری جماعت اسلامی کے آٹھویں روز جاری دھرنے میں خصوصی شرکت کی ،شرکاسے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ آٹا مافیا،چینی مافیا کی موجودگی میں ملک ترقی نہیں کرسکتا، عوام نکلیں، کسانوں کوسستی کھاد نہیں مل رہی، انہوں نے کہاکہ ہم مرکزی امیرحافظ نعیم الرحمن کی 12ربیع الاول کے بعد ملک گیرشٹرڈائون ہڑتال کے اعلان کاخیرمقدم کرتے ہیں ،ڈاکٹرطارق نے کہاکہ ہماری جدوجہد بہترین انداز میں آگے بڑھ رہی ہے ، حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنا پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوام نکل کر ہماری جدوجہد کا حصہ بنیں، ہمارے پیسوں سے سرکاری افسر بڑی بڑی گاڑیاں چلاتے ہیں،انہوں نے کہاکہ12 ربیع الاول کے بعد ملک گیر ہڑتال کریں گے ، اب مذاکرات ایسے نہیں ہوں گے کہ آپ کہیں دھرنا ختم کریں ہم مان لیں، دھرنا تب ختم ہو گا جب حکومت ہمارے مطالبات عملی طور پر مانے گی۔ڈاکٹرطارق سلیم نے کہا کہ لیوی کا بھتہ ٹیکس کسی صورت نہیں ہونا چاہیے ، حکومت کو پٹرول کی قیمتیں کم کرنا پڑیں گی، اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو اسلام آباد کی طرف بھی مارچ کریں گے ، یہ ہمیں روک نہیں سکیں گے ، ہمارا کوئی کارکن قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments