پٹرولیم قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو نہیں ملتا:علی حسن
مصنوعات مہنگی ہونے پر ٹرانسپورٹرز فوری طور پر کرایوں میں اضافہ کر دیتے ہیں
حافظ آباد(نامہ نگار،نمائندہ دنیا )یوتھ آرگنائزیشن کے چیئرمین علی حسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان ہمیشہ عوامی ریلیف کے طور پر پیش کیا جاتا ہے مگر افسوس کہ اس کے ثمرات عام شہری تک نہیں پہنچ پاتے ، جب پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو ٹرانسپورٹ کرایوں سے لے کر روزمرہ استعمال کی اشیا تک ہر چیز کی قیمت یکدم بڑھ جاتی ہے لیکن جب پٹرولیم مصنوعات سستی ہوتی ہیں تو قیمتوں میں اسی تناسب سے کمی دیکھنے میں نہیں آتی۔مسافر گاڑیوں کے کرایوں کی مثال ہمارے سامنے ہے۔ پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے پر ٹرانسپورٹرز فوری طور پر کرایوں میں اضافہ کر دیتے ہیں مگر قیمتوں میں کمی کے بعد کرایوں کو کم کرنے میں دلچسپی دکھائی نہیں دیتی۔
نتیجتاً عوام آج بھی وہی زائد کرایے ادا کرنے پر مجبور ہیں جو مہنگے پٹرول کے دور میں مقرر کیے گئے تھے ۔سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی مختلف روٹس کیلئے گاڑیوں کی مسافروں کی گنجائش کے مطابق کرائے مقرر کرتا ہے لیکن عملی صورتحال اس کے برعکس نظر آتی ہے ۔ متعدد گاڑیوں میں مقررہ تعداد سے زیادہ سواریاں بٹھائی جاتی ہیں جس سے ایک طرف مسافروں سے اضافی کرایہ وصول کیا جاتا ہے اور دوسری طرف انسانی وقار اور سفری تحفظ کو بھی نظر انداز کیا جاتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments