جشن عید میلاد النبیؐ : سیکورٹی پلان جاری، انتظامات مکمل، 4 ہزار اہلکار تعینات
ملتان ریجن میں 220جلوس ، 44پروگرامز ہوں گے ، سی سی ٹی وی کیمرے نصب، حساس مقامات پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز کے ذریعے شرکا کی چیکنگ یقینی بنائی جائے گی،آر پی او
ملتان (کرائم رپورٹر)ریجنل پولیس آفیسر ملتان عثمان اکرم گوندل کی ہدایت پر عید میلادالنبی حضرت محمد ؐ کے موقع پر ملتان، وہاڑی، خانیوال اور لودھراں اضلاع کیلئے جامع سکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا۔ تمام جلوسوں اور میلاد پروگرامز کی فول پروف سکیورٹی کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔سکیورٹی پلان کے مطابق ملتان ریجن کے چاروں اضلاع میں 220 جلوس اور 44 میلاد پروگرامز منعقد ہوں گے ، جن کی سکیورٹی کیلئے 4ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار فرائض انجام دیں گے ۔آر پی او عثمان اکرم گوندل نے کہا کہ عید میلادالنبی ؐکے موقع پر امن و امان برقرار رکھنا اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔ حساس جلوسوں اور میلاد پروگرامز کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی، جبکہ حساس مقامات پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز کے ذریعے شرکا کی چیکنگ یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق سیف سٹی کیمروں سے بھی نگرانی کی جائے گی۔ سکیورٹی انتظامات کیلئے ایلیٹ فورس، ٹریفک پولیس، سپیشل برانچ اور دیگر متعلقہ افسران و اہلکار بھی ڈیوٹی سرانجام دیں گے ۔ جلوسوں کے روٹس پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہوگی جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔آر پی او نے ہدایت کی کہ تمام پروگرامز کے دوران سکیورٹی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، افسران و اہلکار مکمل الرٹ رہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments