ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل غیر منظور شدہ مشینری کے استعمال پر برہم
بیٹ سسٹم کے تحت مختص مشینری کسی دوسری بیٹ میں منتقل نہیں کی جا سکتیمقررہ 40 ہزار روپے کے بجائے 36 ہزار 6 سو روپے تنخواہ موصول ہو رہی ، ورکرز
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز/ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی سرگودھا محمد عاطف سندھو نے پیر کے روز تحصیل سرگودھا کے مختلف علاقوں کا اچانک فیلڈ دورہ کیا اور صفائی آپریشن، ورکرز کی حاضری، ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن، نالیوں کی ڈی سلٹنگ، مشینری کے استعمال اور صفائی کے مجموعی معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ناقص صفائی، غیر منظور شدہ مشینری کے استعمال اور فیلڈ مانیٹرنگ میں غفلت پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران و عملہ کو واضح کیا کہ صفائی کے نظام میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ محمد عاطف سندھو نے یونین کونسل 78 اور 79 لڈیوالہ کا اچانک معائنہ کیا اور ورکرز کی حاضری موقع پر خود چیک کی۔
40 ورکرز میں سے ایک ورکر غیر حاضر پایا گیا۔ انہوں نے نالیوں کی ڈی سلٹنگ نہ ہونے ، سکول کے اطراف صفائی کی ناقص صورتحال، گلیوں کی مکمل صفائی نہ ہونے اور مقررہ specifications کے مطابق لوڈرز کی عدم دستیابی پر سخت نوٹس لیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی شدید برہمی کا اظہار کیا کہ یونین کونسل 64 کا رکشہ یونین کونسل 79 میں استعمال کیا جا رہا تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بیٹ سسٹم کے تحت مختص مشینری کسی دوسری بیٹ میں منتقل نہیں کی جا سکتی۔ موقع پر موجود چنگ چی رکشہ کو بطور لوڈر استعمال کیے جانے پر متعلقہ سپروائزر کو فوری طور پر رکشہ ہٹا کر منظور شدہ لوڈر تعینات کرنے کی ہدایت کی جبکہ خلاف ورزی پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ناقص فیلڈ مانیٹرنگ پر متعلقہ اسسٹنٹ مینیجر اور فیلڈ مانیٹرگ آفیسرز کے خلاف کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے افسران و اہلکار جو اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہے ، ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کاغذی کارروائی یا رپورٹس کے بجائے فیلڈ میں عملی کارکردگی نظر آنی چاہیے ۔ فیلڈ وزٹ کے دوران اے ڈی سی ایم ایس نے ورکرز سے براہ راست انٹرویو بھی کیے ۔ ورکرز کی جانب سے بتایا گیا کہ انہیں مقررہ 40 ہزار روپے کے بجائے 36 ہزار 6 سو روپے تنخواہ موصول ہو رہی ہے ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ کنٹریکٹر کو فوری نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ورکرز کی تنخواہوں میں کسی قسم کی کٹوتی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments