جلال پور جٹاں:گھریلو تنازع ، سعودیہ سے آکر بھائی کو قتل کر دیا
بلال نے سفیان کو سرپرائز کا کہہ کر فون کرکے گجرات بلایا ،چھری سے گلا کاٹ دیا ڈکیتی کا رنگ دینے کیلئے موٹر سائیکل اور فون غائب ، جنازے ، تدفین میں بھی شرکت
جلال پور جٹاں ،گجرات (نامہ نگار ،سٹی رپورٹر)تھانہ دولت نگر کے علاقہ سے ملنے والی گلا کٹی لاش کا معمہ حل ،گھریلو تنازع پر بھائی نے بھائی کو موت کے گھاٹ اتار دیا ، ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ۔17 اکتوبر کو روپیری کے رہائشی 24 سالہ سفیان کی لاش دریکری روڈ پر موٹروے کے زیرِ تعمیر پل کے قریب سڑک کنارے ملی جبکہ اس کی موٹرسائیکل اور موبائل فون غائب تھے ۔ پو لیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ۔پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی، سیف سٹی کیمروں کی فوٹیج کی مدد قتل میں ملوث مقتول کے بھائی بلال کو گرفتار کر لیا۔دورانِ تفتیش ملزم بلال نے انکشاف کیا کہ وہ سعودی عرب میں مقیم تھا اور گھریلو تنازع پر بھائی کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کرکے کسی کو اطلاع د ئیے بغیر پاکستان پہنچا۔
سفیان کو واٹس ایپ پر کال کرکے گجرات بلایا اور کہا کہ تمہارے لئے سرپرائز ہے ، دونوں نے اکٹھے کھانا کھایا اور شام کے وقت گھر واپسی کیلئے روانہ ہوگئے ۔ دریکڑی روڈ پر موٹرسائیکل روک کر بھائی کی گردن پر چھری سے وار کرکے قتل کر دیا اور لاش سڑک کنارے پھینک دی،ملزم نے ڈکیتی کا رنگ دینے کیلئے مقتول کا موبائل فون اور موٹرسائیکل بھی ساتھ لے لی ،موٹرسائیکل کوٹلہ میں کھڑی کرکے لاہور فرار ہوگیا۔ ملزم کو بھائی کے قتل کی اطلاع دی گئی تو اس نے اہل خانہ کو یقین دلانے کیلئے کہا کہ اس کے سعودیہ سے گھر پہنچنے تک تدفین نہ کی جائے ،ملزم نے جنازے اور تدفین میں بھی شرکت کی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments