انسانی سمگلنگ و فراڈ میں ملوث اشتہاریوں سمیت 12 ملزم گرفتار
11مقدمات میں ملوث ملزموں نے 3کروڑ 70لاکھ 15ہزار روپے کافراڈکیا
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر) ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے انسانی اسمگلنگ، جعلی ویزا فراڈ اور بدعنوانی کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ سرکلز میں اشتہاری ملزموں سمیت 12افراد کو گرفتار کر لیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزموں میں محمد ماجد، محمد مبین، عبدال شاہ، شکیل احمد، شہزادہ قطب علی شاہ، تنویر اقبال، سید فضل عباس شاہ، عمیر احمد بٹ، لیاقت علی، شہزاد ذوالقرنین، محمد اصغر اور گیپکو کے ایس ڈی او جمال ناصر شامل ہیں۔ایف آئی اے کے مطابق انسانی اسمگلنگ کے 11مقدمات میں ملوث ملزموں نے شہریوں کو کینیڈا، اسپین، پرتگال، یونان، اٹلی، یوکرین، دبئی اور سعودی عرب بھجوانے کا جھانسہ دے کر مجموعی طور پر 3کروڑ 70لاکھ 15ہزار روپے سے زائد وصول کیے ۔ ایک اور کارروائی میں ایف آئی اے نے گیپکو ہیڈ مرالہ سب ڈویژن کے ایس ڈی او جمال ناصر کو گرفتار کیا۔ حکام کے مطابق ملزم پر بھاری رشوت لے کر ایک ہاؤسنگ سوسائٹی کو غیر قانونی بجلی کا کنکشن فراہم کرنے اور 11ہزار وولٹ کی ہائی وولٹیج تاریں شکایت کنندہ کے گھر کی چھت سے گزارنے کا الزام ہے ۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کیخلاف ایمیگریشن آرڈیننس 1979 اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments