سمبڑیال :ستھرا پنجاب پروگرام صرف مین جی ٹی روڈ تک محدود

سمبڑیال :ستھرا پنجاب پروگرام صرف مین جی ٹی روڈ تک محدود

گلی محلوں میں گندگی کے ڈھیر،نالیوں کا پانی گھروں میں داخل ،نوٹس کامطالبہ

سمبڑیال (سٹی رپورٹر) سمبڑیال شہر اور گردو نواح میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کی صورتحال ابتر ہو گئی ہے ۔ گلی محلوں میں صفائی نہ ہونے کے باعث جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگ گئے ہیں، جبکہ نالیوں کی صفائی نہ ہونے سے گندا پانی گلیوں میں کھڑا ہونے کے ساتھ شہریوں کے گھروں میں بھی داخل ہو رہا ہے ۔تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے صوبے بھر میں صفائی ستھرائی کے لیے شروع کیا گیا ستھرا پنجاب پروگرام سمبڑیال میں صرف مین جی ٹی روڈ تک محدود ہو کر رہ گیا ہے ۔ شہر اور ملحقہ دیہات، بالخصوص جیٹھی کے ، کوٹ دینہ، امریک پورہ، لوپووالی اور فردوس پورہ سمیت دیگر علاقوں کے گلی محلوں میں صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث گندگی پھیلی ہوئی ہے۔

نالیوں کی صفائی نہ ہونے سے گندا پانی گلیوں میں جمع ہو رہا ہے اور بعض مقامات پر گھروں میں داخل ہو رہا ہے ، جس سے تعفن پھیلنے اور مچھروں کی افزائش کا خدشہ بڑھ گیا ہے ۔ شہریوں کے مطابق اس صورتحال سے صحت کے مسائل بھی جنم لے رہے ہیں۔ستھرا پنجاب پروگرام کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور مقامی انتظامیہ کی مبینہ عدم توجہی پر عوامی و سماجی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ انہوں نے کمشنر گوجرانوالہ، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لے کر متعلقہ ٹھیکیداروں اور ذمہ دار انتظامی اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔عوامی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ سمبڑیال کی خوبصورتی صرف مین جی ٹی روڈ تک محدود نہیں، بلکہ گلی محلوں کی صفائی ستھرائی بھی اتنی ہی ضروری ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...