وزیرآباد مین بازار کے فٹ پاتھوں پر تجاوزات،شہری پریشان
ٹریفک کی روانی متاثر ،حادثات کا خدشہ بڑھ گیا،تجاوزات ختم کرنے کامطالبہ
وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر) مین بازار وزیرآباد میں خریداری کے لیے آنے والے شہری پہلے ہی رش اور تنگ راستوں کے باعث مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ بعض دکانداروں نے فٹ پاتھوں پر چھابڑیاں اور موٹر سائیکلوں کے پارکنگ سٹینڈ قائم کرکے پیدل چلنے والوں کا راستہ بھی بند کر دیا ہے ۔ دوسری جانب چنگ چی رکشوں اور ریڑھی بانوں کی بھرمار کے باعث بازار میں خریداری کے لیے آنے والے مردوں، خواتین، بچوں اور بزرگوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ،مین بازار میں فٹ پاتھوں پر تجاوزات کے باعث پیدل چلنے والے افراد سڑک پر چلنے پر مجبور ہیں، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور حادثات کا خدشہ بڑھ جاتا ہے ۔
بزرگوں، خواتین اور بچوں کو بازار سے گزرتے ہوئے خصوصی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ فٹ پاتھ بنانے کا مقصد پیدل چلنے والوں کو محفوظ اور آسان راستہ فراہم کرنا ہے ، لیکن اگر ان پر چھابڑیاں اور پارکنگ سٹینڈ قائم ہو جائیں تو عوام اس سہولت سے کیسے فائدہ اٹھا سکتے ہیں؟شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین پیرزادہ اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مین بازار کے فٹ پاتھوں سے تجاوزات ختم کرکے انہیں پیدل چلنے والوں کے لیے مکمل طور پر کھولا جائے ۔ بازار میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے مستقل بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں اور ریڑھی بانوں اور رکشوں کے داخلے کو بھی منظم کیا جائے ، تاکہ بازار آنے والی خواتین اور دیگر شہری آسانی اور محفوظ طریقے سے خریداری کر سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments