گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافہ، روٹی اور نان بھی مہنگے
ذخیرہ اندوز اور آڑھتی گندم 3ہزار روپے من خریدکرساڑھے 5ہزارکی بیچ رہے پرائس مجسٹریٹس اور متعلقہ افسران کی کارروائیاں فوٹو سیشن تک محدود:شہری
حافظ آباد (نمائندہ دنیا) حافظ آباد میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے سے شہری پریشان ہیں، جبکہ ہوٹلوں اور تندوروں پر روٹی اور نان کے نرخ بھی بڑھا دیے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق حافظ آباد میں چند ماہ قبل ذخیرہ اندوزوں اور آڑھتیوں نے کسانوں اور زمینداروں سے جو گندم 3 ہزار روپے فی من خریدی تھی، وہ اب مارکیٹ میں ساڑھے 5 ہزار روپے فی من تک فروخت ہو رہی ہے ۔گندم کی قیمت میں اضافے کے باعث ہوٹل اور تندور مالکان نے روٹی اور نان کے نرخ بڑھا دیے ہیں، جبکہ چکی مالکان آٹا 150 روپے فی کلو تک فروخت کر رہے ہیں۔ اس صورتحال نے غریب اور کم آمدنی والے طبقے کے لیے دو وقت کی روٹی کا انتظام بھی مشکل بنا دیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ مصنوعی مہنگائی پر قابو پانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے ۔ پرائس مجسٹریٹس اور متعلقہ افسران کی کارروائیاں محض فوٹو سیشن تک محدود ہو کر رہ گئی ہیں، جس کے باعث عام آدمی کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور کمشنر گوجرانوالہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گندم اور آٹے کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔دوسری جانب پنڈی بھٹیاں میں شہریوں نے محکمہ صحت کے حکام سے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں فزیوتھراپسٹ تعینات کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے ، تاکہ کم آمدنی والے مریضوں کو علاج کی سہولت میسر آ سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments