احمد نگر چٹھہ بائی پاس ٹوٹ پھوٹ کا شکار، شہریوں کو مشکلات
سڑک کی مجموعی حالت کا جائزہ لیکرمستقل بنیادوں پر بحالی یقینی بنائی جائے :شہری
احمد نگر چٹھہ (نمائندہ دنیا) احمد نگر چٹھہ بائی پاس شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ، جس کے باعث شہریوں اور مسافروں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے ۔تفصیلات کے مطابق بائی پاس کی خستہ حالی اور جگہ جگہ گڑھے پڑنے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے ۔ سڑک کی خراب حالت کے باعث گاڑیوں کو گزرنے میں دشواری پیش آ رہی ہے ، جبکہ بائی پاس کی بروقت مرمت نہ ہونے سے بھاری ٹریفک کا دباؤ اندرون شہر کی سڑکوں پر بڑھ رہا ہے ۔علاقہ مکینوں اور مسافروں کا کہنا ہے کہ بائی پاس ٹریفک کا دباؤ کم کرنے اور بھاری گاڑیوں کو شہری آبادی سے باہر گزارنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے ، لیکن احمد نگر چٹھہ بائی پاس کی موجودہ صورت حال توجہ طلب ہے ۔ سڑک کی ٹوٹ پھوٹ سے گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کیساتھ موٹر سائیکل سواروں اور دیگر مسافروں کیلئے حادثات کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے ۔شہریوں نے متعلقہ حکام اور محکمہ ہائی ویز کے ذمہ داران سے مطالبہ کیا ہے کہ بائی پاس کی فوری مرمت کروائی جائے ، سڑک کی مجموعی حالت کا جائزہ لیا جائے اور اس کی مستقل بنیادوں پر بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں، تاکہ شہریوں کو محفوظ سفری سہولیات میسر آئیں اور آمدورفت کا نظام بہتر بنایا جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments