جی سی یونیورسٹی سیالکوٹ میں چھاتی کے کینسر سے آگاہی سیمینار

جی سی یونیورسٹی سیالکوٹ میں چھاتی کے کینسر سے آگاہی سیمینار

ابتدائی طبی معائنے اور بروقت ڈاکٹر سے رجوع کرنے کی اہمیت پر زور

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں بلڈ ڈونر سوسائٹی اور ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز کے زیر اہتمام چھاتی کے کینسر سے آگاہی کے لیے سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار کا مقصد طالبات میں مرض کی علامات، بروقت تشخیص، احتیاطی تدابیر اور علاج سے متعلق شعور اجاگر کرنا تھا۔سیمینار کی مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ نے طالبات کو چھاتی کے کینسر کی ابتدائی علامات، بروقت تشخیص، تشخیصی طریقہ کار اور علاج کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے ابتدائی طبی معائنے اور بروقت ڈاکٹر سے رجوع کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے طالبات کو تلقین کی کہ وہ یہ معلومات اپنے گھروں اور معاشرے تک پہنچائیں۔

انہوں نے طالبات سے عہد لیا کہ ہر طالبہ اپنے گھر جا کر کم از کم پانچ خواتین کو چھاتی کے کینسر کی علامات، بروقت تشخیص اور احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین تک یہ پیغام پہنچ سکے ۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے خواتین کی صحت کو اہمیت دینے ، چھاتی کے کینسر سے متعلق سماجی جھجک اور غلط فہمیوں کو دور کرنے اور صحت کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے تعلیم و تحقیق کے ساتھ صحت مند اور باشعور معاشرے کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ طالبات اپنے علم اور آگاہی کو خاندانوں اور معاشرے تک پہنچا کر مثبت تبدیلی کا ذریعہ بن سکتی ہیں۔سیمینار کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی بڑھانے ، خواتین کو بروقت طبی معائنے کی ترغیب دینے اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے ایسی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...