سیالکوٹ:سسرالیوں کی جلائی زخمی بہو دم توڑ گئی
پنڈی پنجوڑاں کی ماریہ کو6روز قبل نندوں‘ ساس سسر نے پٹرول چھڑک کر جلایا
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )سسرالیوں کے ظلم کا نشانہ بننے والی ماریہ دم توڑ گئی۔تفصیلات کے مطابق تھانہ کوٹلی سید امیر کے علاقہ پنڈی پنجوڑاں میں سسرالیوں کی بربریت کا نشانہ بننے والی مظلوم ماریہ زندگی اور موت کی کشمکش کے بعد بالآخر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے لاہور کے جناح ہسپتال میں دم توڑ گئی ہے ۔ 10 نومبر کو پنڈی پنجوڑاں میں مبینہ طور پر پٹرول چھڑک کر آگ لگائے جانے کے بعد ماریہ چھ روز تک وینٹی لیٹر پر زندگی کی جنگ لڑتی رہی، لیکن آٹھ سال کی شادی، تین ننھی بیٹیوں کی ممتا اور باپ کی فریاد بھی اسے موت کے منہ سے نہ بچا سکی۔ دس نومبر کو سسرالیوں کی جانب سے مبینہ طور پر پٹرول چھڑک کر آگ لگائے جانے سے ماریہ کا جسم بری طرح جھلس گیا تھا۔ ریسکیو 1122 نے ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے علامہ اقبال میموریل ہسپتال منتقل کیا، تاہم حالت تشویشناک ہونے پر اسے فوری طور پر جناح ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا۔
جہاں وہ چھ روز تک وینٹی لیٹر پر رہنے کے بعد خالقِ حقیقی سے جا ملی۔سات سال قبل وقاص مجید کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی ماریہ کے بطن سے تین ننھی بیٹیاں پیدا ہوئیں۔ مظلوم ماریہ کے والد ارشد محمود کے مطابق شادی کے بعد سے ہی ساس، سسر اور نندیں اسے بلاوجہ تشدد اور ظلم و ستم کا نشانہ بناتی آ رہی تھیں۔ پولیس واقعے کا مقدمہ درج کر کے مرکزی ملزم سسر مجید کو پہلے ہی ہتھکڑیاں لگا چکی ہے ، جبکہ مقدمے میں نامزد مفرور ساس اور نندوں کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے متعدد مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) دوست محمد خان کا کہنا ہے کہ واقعے پر تمام قانونی تقاضے میرٹ پر پورے کیے جائیں گے اور خواتین پر گھریلو تشدد، ظلم اور استحصال کرنے والے کسی ملزم کو رعایت نہیں ملے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments