ڈسٹرکٹ پبلک سکول حافظ آباد کا سالانہ سپورٹس گالا، انعامات تقسیم
ایتھلیٹکس، کرکٹ، فٹ بال، بیڈمنٹن، رسہ کشی سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوئے
حافظ آباد (نمائندہ دنیا) ڈسٹرکٹ پبلک سکول حافظ آباد کے سالانہ سپورٹس گالا کی رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر محمد ارشد خان تھے ۔ تقریب میں پرنسپل محمد زمان چیمہ، وائس پرنسپل میڈم گلناز، ممبر بورڈ آف گورنرز چوہدری فلک شیر چٹھہ، سکول اساتذہ، طلبہ و طالبات اور ان کے والدین نے شرکت کی۔مہمان خصوصی نے مشعل جلا کر سپورٹس گالا کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں طلبہ نے پریڈ، مارچ پاسٹ اور ٹیبلوز پیش کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ سالانہ سپورٹس گالا کے دوران ایتھلیٹکس، کرکٹ، فٹ بال، بیڈمنٹن، رسہ کشی اور تھری لیگ ریس سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوئے ، جبکہ طلبہ و طالبات نے مارشل آرٹس کا بھی شاندار مظاہرہ کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد ارشد خان نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں تعلیم کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں اور کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد بچوں کی ذہنی و جسمانی صحت کے لیے انتہائی ضروری ہے ۔ پرنسپل محمد زمان چیمہ نے کہا کہ ڈسٹرکٹ پبلک سکول حافظ آباد امتحانی نتائج اور تدریسی سرگرمیوں میں نمایاں مقام رکھتا ہے ۔ طلبہ کی ذہنی و جسمانی صحت برقرار رکھنے کے لیے ہر سال سپورٹس گالا منعقد کیا جاتا ہے ۔ تقریب کے اختتام پر مختلف کھیلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments