شافع حسین کاوالڈ سٹی گجرات کی بحالی وتحفظ کا معاملہ اٹھانے کا اعلان
اے سی عبدالقدیر زرکون نے صوبائی وزیر کو گجرات کی تاریخ پرمشتمل کتاب پیش کی
گجرات (نامہ نگار) اسسٹنٹ کمشنر گجرات عبدالقدیر زرکون نے صوبائی وزیر صنعت و تجارت پنجاب چودھری شافع حسین کو گجرات کے تاریخی ورثے پر مشتمل گزٹیئر کی خصوصی کتاب پیش کی۔ اس موقع پر گجرات کے پانچ سو سالہ تاریخی ورثے ، والڈ سٹی اور اکبری قلعے ، المعروف قلعہ ڈکی، سے متعلق تحقیقی کام اور تاریخی مقامات کے تحفظ کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی وزیر چودھری شافع حسین نے گجرات کے تاریخی ورثے کے تحفظ اور بحالی میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ والڈ سٹی لاہور کی طرز پر والڈ سٹی گجرات کی بحالی، تزئین و آرائش اور تاریخی شناخت کے تحفظ کا معاملہ متعلقہ فورمز پر خود اٹھائیں گے۔
تاکہ شہر کے قدیم مرکز کو اس کی اصل تاریخی اور ثقافتی اہمیت کے مطابق ترقی دی جاسکے ۔گزٹیئر میں مغلیہ عہد میں گجرات کی تاریخی اہمیت، شہنشاہ اکبر کے دور میں تعمیر ہونے والے اکبری قلعے ، قدیم والڈ سٹی، برطانوی دور کی تاریخی عمارات، آثار قدیمہ اور شہر کے تاریخی ارتقا کو جامع انداز میں پیش کیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں نادر تاریخی تصاویر، قدیم دستاویزات اور برٹش لائبریری کے آرکائیوز سمیت مختلف مستند تاریخی حوالہ جات سے استفادہ کیا گیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments