250ایکڑ پر جدید ترین صنعتی پارک بنایاجا رہا:شافع حسین

250ایکڑ پر جدید ترین صنعتی پارک بنایاجا رہا:شافع حسین

وزیر صنعت کا گوجرانوالہ چیمبرکا دورہ، انڈسٹریل اسٹیٹ میں گرڈ سٹیشن کا افتتاح

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر‘سٹی رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبے میں صنعتی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ گوجرانوالہ میں 250ایکڑ رقبے پر جدید ترین صنعتی پارک قائم کیا جا رہا ہے ، جہاں شہر میں موجود صنعتوں کو منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ نئی صنعتی سرمایہ کاری اور کارخانوں کے قیام کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے ۔ حکومت گوجرانوالہ میں ڈرائی پورٹ کے قیام کیلئے بھی ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صنعت و تجارت گوجرانوالہ کے دورے کے موقع پر صنعتکاروں اور کاروباری برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انہوں نے صنعتکاروں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کے مختلف ایوان ہائے صنعت و تجارت کے عہدیداران سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے اور گوجرانوالہ چیمبر کا یہ پہلا دورہ ان کے لیے باعث فخر ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے انڈسٹریل اسٹیٹس کے حوالے سے نئی صنعتی پالیسی متعارف کروائی ہے جو صوبے میں صنعتی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔ اس پالیسی کے تحت اب صنعتکار صنعتی اسٹیٹس میں صنعتی یونٹ لگانے کے لیے پلاٹ لیز پر بھی حاصل کر سکیں گے ، جس سے سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور صنعتوں کے قیام میں آسانی پیدا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بلاسود اور آسان قرضوں کی فراہمی کی سکیمیں پنجاب میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

صنعتکار ان سکیموں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ شافع حسین نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے گوجرانوالہ کی سمال انڈسٹریز اسٹیٹ میں صنعتی انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے فنڈز کی منظوری دے دی ہے ۔ سمال انڈسٹریل اسٹیٹ نمبر 4 میں پانچ میگا واٹ کے گرڈ اسٹیشن کا افتتاح کر دیا گیا ہے ، جس سے صنعتوں کو بجلی کی فراہمی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر صدر گوجرانوالہ چیمبر غلام حسین جج نے کہا کہ موجودہ حکومت صنعتی ترقی کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے ، جسے کاروباری برادری قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔سربراہ پنجاب ایشیا انویسٹمنٹ اینڈ کوآپریشن آفس وہاب طارق بٹ نے کہا کہ صوبائی وزیر شافع حسین کی قیادت میں صنعتی مراکز میں برسوں سے جاری پراپرٹی کے کاروبار کا سلسلہ ہمیشہ کے لیے بند کرایا گیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...