ڈی سی حافظ آباد کا رسول پور تارڑ‘جلالپور و پنڈی بھٹیاں کا دورہ
یوسی دفاتر، سکولوں، سہولت بازار، ٹی ایچ کیو ہسپتال اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کاجائزہ
حافظ آباد (نمائندہ دنیا) ڈپٹی کمشنر حافظ آباد سید حسین بہادر نے رسول پور تارڑ، جلالپور بھٹیاں اور پنڈی بھٹیاں کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے یونین کونسلوں کے دفاتر، سکولوں، سہولت بازار، ٹی ایچ کیو ہسپتال اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے یونین کونسل رسول پور تارڑ کا دورہ کیا اور وہاں شہریوں کو دستیاب بنیادی سہولیات، ریکارڈ اور دیگر انتظامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے یونین کونسل سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ دفاتر میں فراہم کی جانے والی مختلف خدمات اور فیسوں کی تفصیلات پر مشتمل فلیکس نمایاں مقامات پر آویزاں کیے جائیں۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے جلالپور بھٹیاں میں زیر تعمیر سہولت بازار کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیتے ہوئے تمام کام مقررہ مدت میں معیاری انداز سے مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے گورنمنٹ بوائز پبلک ماڈل ہائر سیکنڈری سکول جلالپور بھٹیاں کا بھی دورہ کیا، جہاں سکول کی مجموعی تعلیمی صورتحال، صفائی ستھرائی، واش رومز، پینے کے صاف پانی، سائنس لیب اور کمپیوٹر لیب کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مختلف کلاس رومز میں جاکر طلبہ سے ان کی پڑھائی، کلاس ورک اور ہوم ورک کے بارے میں بھی دریافت کیا۔پنڈی بھٹیاں کے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے شہر میں پی سی پی منصوبے کے تحت جاری سیوریج، ڈسپوزل سٹیشن اور دیگر ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران اور کنٹریکٹر کو ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کے اس اہم عوامی فلاحی منصوبے کو معیار کے مطابق جلد مکمل کیا جائے ، تاکہ شہریوں کو نکاسی آب کی بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے ٹی ایچ کیو ہسپتال پنڈی بھٹیاں کا دورہ کیا اور ایمرجنسی، آؤٹ ڈور، ان ڈور، میڈیسن سٹور سمیت دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments