گوجرانوالہ : آلودگی ، 4 صنعتی یونٹ سربمنہر ، جرمانے
کارروائی انوائرنمنٹ پروٹیکشن فورس نے کی‘شہریوں کوآلودگی سے پاک ماحول فراہم کرنااولین ترجیح ہے :ڈپٹی ڈائریکٹر انوائرنمنٹ عمران میو
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)انوائرنمنٹ پروٹیکشن فورس گوجرانوالہ نے ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے صنعتی یونٹس کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 12 یونٹس کا معائنہ کیا۔ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 9 لاکھ روپے جرمانے عائد کیے گئے ، جن میں سے 5 لاکھ روپے موقع پر وصول کیے گئے ، جبکہ 4 یونٹس سیل اور ایک یونٹ کو نوٹس جاری کیا گیا۔ انوائرنمنٹ پروٹیکشن فورس نے واہنڈو میں قائم غیر قانونی ٹائر پائرولائسز پلانٹ کو مشینری کی مدد سے غیر فعال کر دیا۔ طاہر میٹل، سیالکوٹ روڈ کو ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کے بعد سیل کر دیا گیا۔اسی طرح اصغر سکریپ گودام، شریف انٹرپرائزز، قاسم انٹرپرائزز اور انور سکریپ گودام، سیالکوٹ روڈ کو ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر ایک، ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جو موقع پر وصول کر لیا گیا۔ یونیک اسٹیل فرنس، دیوان روڈ کو ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرکے سیل کر دیا گیا، جبکہ سلطان اسٹیٹ میں عقیل ایلومینیم ورکس کو ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرکے سیل کیا گیا۔
آصف سکریپ گودام، سلطان اسٹیٹ کو بھی ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرکے سیل کر دیا گیا، جبکہ مدینہ سکریپ، سلطان اسٹیٹ کو ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر سیل کیا گیا۔مزید کارروائیوں کے دوران کاپر ورلڈ، کوہلو والا کو ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ غلام مدینہ براس میلٹنگ ورکس، اٹاوہ کو ماحولیاتی قوانین کی پابندی یقینی بنانے کے لیے نوٹس جاری کیا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر انوائرنمنٹ انجینئر محمد عمران میو نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے صنعتی یونٹس کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالے کسی بھی یونٹ کو رعایت نہیں دی جائے گی اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو صاف، صحت مند اور آلودگی سے پاک ماحول فراہم کرنا محکمہ تحفظِ ماحولیات کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے قوانین پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments