اسلام آباد میں 4روزہ قومی ویکسی نیشن مہم کا آغاز
فیض آباد اڈے پر افتتاحی تقریب ، مسافر بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے گئے شہر بھر میں 4لاکھ 61ہزار 125بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وفاقی دارالحکومت میں چار روزہ قومی پولیو و یکسی نیشن مہم کا آغاز گزشتہ روز ہو گیا ہے۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر فیض آباد بس اڈے پر مسافر بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلائے گئے۔ ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن کے مطابق اس مہم کے دوران شہر بھر میں 4لاکھ 61ہزار 125بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس عظیم کام کو سرانجام دینے کیلئے 7062ورکرز اور 805سپروائزرز پر مشتمل خصوصی پولیو ٹیمز تعینات کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو ویکسین پلائیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ شہر کے تمام اہم عوامی مقامات جیسے بس اڈوں، ریلوے سٹیشنز، سکولوں اور ہسپتالوں پر بھی پولیو ویکسی نیشن کی خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ کوئی بھی بچہ اس زندگی بخش ویکسین سے محروم نہ رہے۔